کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے رہنماحلیم عادل شیخ نے کہا کہ بارش رحمت ہوا کرتی ہے لیکن سندھ حکومت نے اسے بھی زحمت بنادیا ہے ،تھوڑی دیر بارش کیا ہوتی ہے کہ روڈ رستے سوئمنگ پول بن جاتے ہیں جس سے عوام روز نہا کر سندھ حکومت کو بددعائیں دیتی ہے عام آدمی کی زندگی سے سکون چھین کر اسے انہی مسائل میں پھنسا دیا گیا ہے بارشیں ہر سال ہوتی ہیں لیکن بارش سے ہونے والے نقصانات سے بچنے کے لیے حکومت کی جانب سے اتنے سالوں میں کوئی بھی سنجیدہ قدم نہیں اپنایا گیا صرف میٹنگز اجلاسوں اور دوروں پر زور دیکر عوام کے کروڑوں روپوں پر جھاڑو پھیرا جارہا ہے ، عادل ہاؤ س سے جاری کردہ بیان میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کے ادارے میں نااہل لوگ بھرتی کیے گئے ہیں جنہیں پتہ ہی نہیں ہے کہ ان کاکام کیا ہے آج دن تک اس ادارے کا کوئی موثر کام سامنے نہیں آسکا عوام کو چونا لگاکر صرف اپنا پیٹ اور الماری بھری جارہی ہے وزیراعلیٰ کے پھرتیلے دورے بھی اب کہیں نظر نہیں آرہے ،عوام کی خدمت کے دعوے کرنے والے صرف اپنی کرسی بچانے کے چکر میں ہیں۔ بارشوں سے لوگ پریشان ہیں پانی دکانوں اور گھروں میں داخل ہونے کی وجہ سے لوگمحصور ہوکر رہ گئے ہیں ۔میئر کراچی اتنے بھی بے اختیار نہیں جتنا وہ کام کے وقت خود کو ظاہر کرتے ہیں۔ پی ایس 114میں الیکشن کے روز صفائی کے لیے کچرے کی مشینری گھمائی جارہی تھی صرف اس لیے کے ووٹرز کو مائل کیا جاسکے مگر جب آج اس مشینری کی ضرورت پڑ رہی ہے تو وہ کہیں ظاہر نہیں۔ سندھ حکومت نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ایک مسئلے سے جان چھٹتی نہیں ہے دوسرا مسئلہ حکومت کی جانب سے شہریوں کے لیے تیار ہوتا کچھ نہ بچے تو سندھ حکومت موٹرسائیکل ہیلمٹ کے چالان پر اتر آتی ہے ۔عوام کا رد عمل آنے والے الیکشن میں ہوگا عوام کو لوٹنے والوں کا احتساب ضرور ہوگا۔