سینیگال، تماشائیوں میں تصادم 8 افراد ہلاک، 49 زخمی

163

ڈاکار (جسارت نیوز) افریقی ملک سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار کے ڈیمبا ڈیئوپ اسٹیڈیم میں دیوار گر جانے سے 8 افراد ہلاک اور 49 زخمی ہو گئے ۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ واقعہ ڈیمبا ڈیئوپ ا سٹیڈیم میں 2 فٹبال ٹیموں کے درمیان کھیلنے جانے والے میچ کے دوران پیش آیا۔ اسٹیڈیم میں اسٹیڈ ڈی بور اور یونین اسپورٹو اواکم کے درمیان لیگ کپ کا فائنل میچ ہو رہا تھا جس میں ایکسٹرا ٹائم میں اسٹیڈ ڈی بور کی ٹیم نے گول کر کے ,1 2کی برتری حاصل کر لی جو کہ میچ کے اختتام تک محفوظ رہی۔آخری سیٹی بجتے ہی دونوں ٹیموں کے شائقین کی آپس میں لڑائی شروع ہو گئی۔ پولیس نے تماشایئوں کو روکنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا جس سے اسٹیڈیم میں افراتفری پھیل گئی اور اسی بھگڈر میں دیوار گر گئی،جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 49 زخمی ہو گئے ۔ صدر میکی سال کے ترجمان نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد سنیگال میں انتخابی مہم ایک دن کے لئے معطل رہے گی ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ذمہ داران کو سزا ملنی چاہیے تاکہ ایسا دوبارہ نہ ہو۔