ضلعی اراکین عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مانیٹر کریں

107

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) ڈسٹرکٹ کونسل ٹنڈوالہٰیار کا بجٹ اجلاس 2017-18ء چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل ٹنڈوالہٰیار مخدوم علی محمد ولہاری کی زیر صدارت کانفرنس ہال ڈپٹی کمشنر آفس ٹنڈوالہٰیار میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وائس چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل ٹنڈوالہٰیار میر محمد غلام تالپور کے علاوہ ڈسٹرکٹ کونسل کے تمام مرد و خواتین ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیئرمین مخدوم علی محمد ولہاری نے تمام ضلعی ممبران سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے لوگوں میں آگاہی مہم کے ذریعے یہ شعور دلائیں کہ ان کے علاقے میں قائم کیے گئے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو وہ خود بھی مانیٹر کریں اور جہاں پر صحیح کام نہیں ہوئے ہیں، ان کے بارے میں صحیح رپورٹ پیش کریں تاکہ ان کاموں کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔ سندھ حکومت ڈسٹرکٹ کونسل کے کاموں میں دلچسپی لے رہی ہے، تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ضلع کے افسران کو ڈسٹرکٹ کونسل کے اجلاسوں میں شرکت کرنے کے لیے پابند بنایا ہے، اس ضمن میں ضلع ٹنڈوالہٰیار کے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ ہونے والے اجلاسوں میں شرکت کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کونسل ٹنڈوالہٰیار کے اکائونٹس آفیسر معیز احمد شیخ نے سال 2017-18ء کے لیے بجٹ پیش کیا جسے ڈسٹرکٹ کونسل ٹنڈوالہٰیار کے آئندہ اجلاس میں منظور کیا جائے گا۔