لاپتا سیاسی کارکنوں کیلیے پیدل سفر کرنے والا قافلہ کراچی پہنچ گیا

142

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وائس فار مسنگ پرسنز سندھ کے تحت 5 جولائی کو حیدر آباد پریس کلب سے مختلف سیاسی جماعتوں کے لاپتا سیاسی کارکنان کے لیے پید ل سفر کرنے والا قافلہ اتوار کو کراچی پریس کلب پہنچ گیا ۔قافلے کی قیادت وائس فار مسنگ پرسنز سندھ کے کنوینر پنھل ساریو نے کی۔ قافلے میں11لاپتا کارکنان کے اہل خانہ بھی شامل تھے۔ پریس کلب کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چار برسوں کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں کے 61 کارکنان لاپتا ہوئے ہیں، یہ انسانی حقوق کی پامالی ہے، ان کے اہل خانہ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں ،ان کو اپنے پیاروں کی کوئی خبر نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر انہوں نے کوئی جرم کیا ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان 29 جولائی کو رائٹرز کانفرنس میں حیدر آباد میں کریں گے۔انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور لاپتا کارکنان کی بازیابی کے احکامات دیے جائیں۔