لاہور: مکانوں کو گرانے کیخلاف پی ٹی آئی کا متاثرین کیساتھ احتجاج

137

لاہور (صباح نیوز) لاہور کے علاقے شاہدرہ میں راوی کنارے آباد گھروں کو گرانے اور متبادل جگہ نہ دینے کے خلاف متاثرین اور تحریک انصاف کا احتجاجی مظاہرہ، تحریک انصاف کا متاثرین سے اظہار یکجہتی، سابق گورنر چودھری محمد سرور کی قیادت میں پارٹی کارکنوں، خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد میں شرکت، حکومت سے متاثر ین کو فوری متبادل جگہ فراہم کر نے کا مطالبہ، متاثرین کی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے شاہدرہ یوسی 14 میں راوی کنارے آباد گھروں کو بغیر کسی نوٹس کے گرائے جانے اور متاثر ین کو متبادل جگہ نہ دینے کے خلاف متاثر ین کی کثیر تعداد نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ چودھری محمد سرور نے اس موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران ملک میں غربت کے بجائے غریب مٹاؤ ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں اور ن لیگ کا مشن بھی غریبوں پر ظلم بن چکا ہے۔ شاہدرہ کے لوگوں کو بے گھر کرکے حکومت نے ظلم کی انتہائی کردی ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ گھروں کو گرانے کا سلسلہ بند کیا جائے اور جن کے گھر گرائے جا چکے ہیں ان کو فوراً متبادل جگہ فراہم کی جائے۔