میئرکراچی شہریوں کو درپیش مسائل کا سدباب کریں

161

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) بارش کے بعد جگہ جگہ پانی کے تالاب بن جانے سے تنگ آئے کراچی کے شہریوں نے میئر وسیم اختر کے دوروں کو وقت و فنڈز کاضیاع قرار دے کر ان سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کو درپیش مسائل کا سدباب کیا جائے۔ یادرہے کہ میئر وسیم اختر بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر مختلف علاقوں کے دورے کررہے ہیں ان دوروں کے دوران وہ تصاویر اور وڈیو بناتے ہیں۔ نالوں کی صفائی کے کام کا معائنہ کرتے ہیں اور اس دوران میڈیا سے فنڈز کی کمی اور اختیارات نہ ہونے کی شکایات کرکے اپنی ذمے داریاں پوری کرنے کا اظہار کرتے ہیں۔ جبکہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کے کسی ذمے دار کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ حیرت اس بات پر ہوتی ہے کہ میئر نالوں کی صفائی نہیں کیے جانے کے ثبوت دیکھتے ہوئے بھی کسی متعلقہ افسر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتے۔آٹھ سال سے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز کے عہدے پر فائز مسعود عالم کو ساتھ لے کر دورے کرنے کے باوجود ان سے یہ نہیں پوچھا جاتا کہ حکومت کی جانب سے گزشتہ ایک سال کے دوران 89 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز ملنے کے باوجود نالوں کی صفائی کیوں نہیں کی گئی۔ گزشتہ رات اور اتوار کی صبح ہونے والی بارش سے شہر کے تمام نالے بھر کر بہنے لگے۔ گجر نالے کی صفائی نہ ہونے کے باعث برسات کا پانی سڑکوں اور گلیوں کو تالاب میں تبدیل کرگیا جس سے بنگالی پاڑہ کی محمدی مسجد میں برسات کا پانی داخل ہوگیا جسے فوری طور پر نکالا بھی نہیں جاسکا۔ اسی طرح شہر تمام کچی آبادیوں اور مختلف علاقوں کی سڑکیں اور گلیوں میں پانی جمع ہے۔ کے ایم سی کا عملہ صرف میئر کے دورے کے دوران ڈی واٹرنگ کی مشینیں لگاتا ہے جو میئر کے جانے کے بعد نکال دی جاتی ہیں۔بارشوں سے پیدا شدہ صورتحال پر کے ایم سی کے اپوزیشن لیڈر کرم اللہ وقاصی اور جماعت اسلامی کے ہارلیمانی لیڈر جنید مکاتی کا کہنا ہے کہ میئر کراچی اپنی ذمے داریوں پر توجہ دینے کے بجائے فوٹو سیشن اور وڈیو فلم بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔دونوں رہنماؤں نے کہا ہے کہ کراچی کے ساتھ پہلے ہی بہت ظلم ہوچکا ہے اس لیے اب اس کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دی جائے۔ اگر میئر کے دوروں کا کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکل رہا تو اس طرح کے دکھاوے کے سلسلے کو فوری بند کیا جائے۔