پنگریو ،تیز بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب، گھروں میں پانی جمع ہوگیا

114

پنگریو ( نمائندہ جسارت)پنگریو اور گر دونواح کے علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار کی شب پنگریو شہر اور ملحقہ قصبوں و دیہاتوں میں ہونے والی انتہائی تیز بارش کے باعث نشیبی علاقے ،روڈ راستے زیر آب آگئے ہیں اور تمام محلوں میں بارش کا پانی جمع ہو گیا ہے۔ بارش شروع ہوتے ہی بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا ،سیوریج سسٹم ناکام ہوگیا ہے جس کی وجہ سے بارش کا پانی شہریوں کے گھروں میں داخل ہو گیا ۔ تیز بارش کے باعث دیہاتی علاقوں میں متعدد کچے راستے ڈوب گئے ہیں اور بیس سے زائد دیہاتوں کا زمینی رابطہ دیگر علاقوں سے کٹ گیا ہے۔ شدید گرج چمک کے ساتھ ہونے والی تیز بارش کے باعث متعدد کچے گھر، دیواریں ، چھپرے گر گئے ہیں جبکہ املاک کو نقصان پہنچا ہے تاہم تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔