برساتی نالوں سے تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے، عبدالجمیل خان

107

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع بن قاسم عبد الجمیل خان نے برساتی نالوں کی عدم صفائی اور برساتی نالوں پر قائم تجاوزات کی سخت مذمت اور احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ برساتی نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث بارش کا پانی کورنگی لانڈھی کی گلیوں، سڑکوں پر جمع ہے اور کورنگی لانڈھی جھیل کا منظر پیش کررہے ہیں۔ برساتی نالوں پر قائم تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایم سی کورنگی اور ڈی ایم سی ملیر نے نالوں کی صفائی کی آڑ میں لاکھوں روپے کی کرپشن کی اور عملی طور پر نالوں کی صفائی نہیں کی گئی۔ جس کی وجہ سے کورنگی لانڈھی کے مرکزی نالے اوور فلو کرگئے۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر برساتی نالوں کی مکمل صفائی کی جائے اور برساتی نالوں پر قائم تجاوزات کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ ڈی ایم سی کے افسران نے تجاوزات کی آڑ میں لوگوں سے بھاری رشوتیں وصول کی ہیں اور امن وامان کی خراب صورتحال کا بہانہ بناکر یہ افسران برساتی نالوں پر قائم تجاوزات کے قیام کی سرپرستی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برساتی نالوں پر قائم تجاوزات فوری طور پر ختم کی جائیں تاکہ کورنگی لانڈھی میں برساتی پانی گلی محلوں میں جمع ہونے کے بجائے برساتی نالوں میں جائے۔