شجاعت کی سربراہی میں4 جماعتی اجلاس، وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ

100

اسلام آباد (آن لائن/ نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ(ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی زیر صدارت 4 جماعتی اجلاس، عدالت عظمیٰ سے اظہار یکجہتی اور وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ، عدالت عظمیٰ کا فیصلہ ملکی فلاح اور سلامتی کا پیکر ہوگا، آئندہ انتخابات میں جو محب وطن ہو گا اسی سے اتحاد بنائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز 4 جماعتی اتحاد کا اجلاس پاکستان مسلم لیگ کے صدر کی زیر صدارت ان کی رہائش گاہ پر ہوا جس میں چودھری پرویز الٰہی، سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا، مجلس وحدت المسلمین کے علامہ راجا ناصر شیرازی، اسد نقوی اور پاکستان عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈاپور کے علاوہ سینیٹر کامل علی آغا، طارق بشیر چیمہ، چودھری ظہیرالدین، حافظ عمار یاسر اور اجمل خان وزیر نے شرکت کی۔ اتحاد نے موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور نوازشریف سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ اور عدالت عظمیٰ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے استدعا کی کہ پاناما کیس کا فیصلہ جلد کیا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے۔