عدالت کا سمندر میں نہانے والے 32شہریوں کی رہائی کا حکم

91

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے سمندرمیں نہانے والے 32شہریوں کوفی کس 10ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کاحکم دے دیا،عدالت نے شہریوں کیخلاف مقدمات درج کرنے پرعلاقہ ایس او کی بھی سخت سرزنش کی۔پیر کوجوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں دفعہ144کی خلاف ورزی پر تھانہ ماڑی پور نے کھلے سمندر میں نہانے والے32 شہریوں کوعدالت میں پیش کردیا،عدالت نے شہریوں کے خلاف مقدمات قائم کرنے پرتفتیشی افسرپر اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے تفتیشی افسرسے استفسارکیا اس معاملے میں ایف آئی آر کیوں کاٹی؟ آپ قانون سے بالا ہیں؟۔ عدالت نے ایف آئی آر کاٹنے پر ایس ایچ او تھانہ ماڑی پور کو طلب کرلیا۔عدالت نے سمندر میں نہانے والے شہریوں کی سرزنش کرتے ہوئے استفسارکیا کہ پابندی کے باوجود آپ سمندر میں کیوں نہاتے ہیں ؟زندہ لوگ جاتے ہیں اور لاشیں واپس آتی ہیں ، کیاآپ کو اپنے ماں باپ اور بیوی بچوں کا احساس نہیں ہے؟۔ عدالت نے شبیر، سدھیراور راحت سمیت بتیس شہریوں کو دس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا۔