فیصلہ خلاف آیا تو عمل کرینگے مانیں گے نہیں، رانا ثنا اللہ

113

لاہور/ اسلام آباد (نمائندہ جسارت/ اے پی پی) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ ہمارے حق میں آیا تو تسلیم کریں گے، خلاف آیا تو قانونی طور پر عملدرآمد کریں گے مگر اسے تسلیم نہیں کریں گے اور عدالتی فیصلے کو 2018ء کے الیکشن میں عوام کے پاس لے کر جائیں گے۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ بھٹو کو پھانسی عدالت عظمیٰ ہی نے دی تھی لیکن اس فیصلے کو عدالتی قتل مانا جاتا ہے نہ صرف قتل بلکہ شہید جانا جاتا ہے، کیا عدالتیں غلط فیصلہ نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا جے آئی ٹی میں بہت سے معاملا ت غیر ضروری طور شامل کیے گئے اور انہیں عدالت کو ردی کی ٹوکر ی میں نہیں بلکہ گٹر میں پھینک دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کا کیس روٹین میں چل رہا ہے لیکن وہ ملک سے باہر ہے مشرف کو واپس آ کر مقدمے کا سامنا کرنا چاہیے۔ علاوہ ازیں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عابد شیر علی نے کہا کہ مخالفین کے پاس حقائق پر مبنی کوئی چیز نہیں صرف مفروضات ہیں۔ عدالت اور ججز پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور انصاف کی توقع ہے۔ جے آئی ٹی نے شریف خاندان کے خلاف خود ساختہ رپورٹ بنائی ہے، یقین ہے عدالت انصاف پر مبنی فیصلہ دے گی۔