متحدہ کے 2ٹارگٹ کلرز سمیت ، 9ملزمان گرفتار

96

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 9ملزمان کو گرفتار کرلیا ،گرفتارشد گان میں متحد ہ سے تعلق رکھنے والے 2ٹارگٹ کلراور 2 منشیات فروش خواتین بھی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق ڈاکس پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر مچھر کالونی میں ایک گھر پر چھاپا مارا تو وہاں سے درجنوں ہیروئن کے ٹوکن برآمدہو ئے ۔پولیس نے مذکورہ مکان سے منشیات فروشی میں ملوث ملزم ذاکر، اس کی بیوی رخسانہ اور سالی رابعہ کو بھی گرفتار کرلیا۔خواتین ملزمان کو ویمن پولیس اسٹیشن منتقل کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ایس پی اورنگی عابد علی بلوچ کے مطابق پیر آباد میں کارروائی کے دوران ایم کیو ایم لندن کے دو ٹارگٹ کلر محمود عالم اور شہزاد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پسٹل برآمد کیے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان ملزمان نے 2010ء کے لسانی فسادات میں متعدد افراد کو قتل کیا تھا۔دوسری کارروائی میں پاکستان بازار کے علاقے سے اسٹریٹ کرمنل معراج کو اسلحے اور موٹرسائیکل سمیت گرفتار کرلیا جبکہ کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر محمد حسین اور منصور عالم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔کلفٹن پولیس نے بھی چھاپا مار کارروائی کے بعدایک منشیات فروش ارشد کو گرفتار کرلیا جس کے قبضے سے ایک کلو چرس برآمدہو ئی۔ درخشاں پولیس نے بھی خیابان بدر اسٹریٹ 28چھاپا مار کے وہاں سے ایک منشیات فروش محمد وریام کو گرفتارکر لیا جس کے قبضے سے آدھا پاؤ چرس برآمد ہوئی ،ملزم کے خلاف امتناع منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے اس سے تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔