ن لیگ وزیراعظم کو نہیں نظام کو بچائے، فاروق ستار

68

اسلام آباد (آن لائن) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کو چاہیے کہ وہ نظام کو بچائے وزیر اعظم کو نہیں، پی ایس 114 میں ہمیں ضمنی انتخاب ہرایا گیا لیکن ہماری سیاست جیت گئی، پیپلز پارٹی کے ورکروں کے گھروں سے بیلٹ باکس نکلے۔ پیر کو پاناما کیس کی سماعت کے موقع پر عدالت عظمیٰ کے باہر اور الیکش کمیشن میں پی ایس 114 کے امیدوار کامران ٹیسوری کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے استعفے پر تمام اپوزیشن جماعتوں کا اتفاق ہے، نواز شریف کو عہدے سے مستعفی ہو کر عدالتوں کا سامنا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد نوازشریف اخلاقی جواز کھوچکے ہیں۔ نواز شریف کو عام آدمی کی حیثیت سے عدالت میں پیش ہونا چاہیے یہ اداروں اور حکومت کی بھی آزمائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اکثریتی جماعت ہے ملک کو بحران کی جانب نہ دھکیلے۔ الیکشن کمیشن میں کامران ٹیسوری کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں الیکشن ہرایاگیا لیکن ہماری سیاست جیت گئی ، پیپلز پارٹی کے ورکروں کے گھروں سے بیلٹ باکس نکلے ۔ سعید غنی نے تردید نہیں کی کہ جو لوگ گرفتار ہوئے وہ ان کے رشتے دار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں ضمنی انتخابات کے دوران گرفتار 6 افراد میں سے 2 سعید غنی کے رشتے دار تھے۔ کراچی میں اب ایک ہی آواز ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان ہی کراچی کی نمائندہ جماعت ہے۔