پاکستان کو عالمی سطح پر کامیابیاں دلوانے میں کردار ادا کرتا رہوں گا،محمد نسیم اختر

132

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے لیے پہلی مرتبہ انڈر18ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے والے کیوسٹ محمد نسیم اختر نے کہا ہے کہ مستقبل میں بھی پاکستان کو عالمی سطح پر کامیابیاں دلوانے میں کردار ادا کرتا رہوں گاوزیر اعظم میرے لئے بھی انعام کا اعلان کریں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے انڈر18اور انڈر21ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں شرکت کے بعد وطن واپسی پر کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت میں کیا ۔ان کے ساتھ ایونٹ میں شرکت کرنے والے ساتھی پلیئر حارث طاہر اور پی بی ایس اے کے صدر منور حسین شیخ بھی ان کے ہمراہ وطن پہنچے ۔نسیم اختر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹرز کی جس طرح کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اسی طرح کی اگر دیگر کھیلوں کے ساتھ بھی ہو تو پاکستان دنیائے کھیل میں اہم مقام حاصل کر سکتا ہے ،میں ورلڈ چیمپئن بنا ہوں اس لئے میری وزیر اعظم نواز شریف سے اپیل ہے کہ میری بھی اتنی ہی پذیرائی اور حوصلہ افزائی کی جائے جتنی کرکٹرز کی ہوئی ہے ۔میں اس کامیابی کو پاکستان کے لوگوں کے نام کرتا ہوں اور مستقبل میں بھی کامیابی کے اس سلسلے کو جاری رکھنے کی کوشش کروں گا ۔پی بی ایس اے کے صدر منور شیخ نے کہا کہ نسیم اختر کی اس کامیابی سے ملک بھر کے طول وعرض میں اسنوکر مزید مقبول ہوگا اور چھوٹے شہروں سے بھی با صلاحیت کیوسٹس سامنے آئیں گے ۔