اسرائیل کے مفاد میں امریکا اور روس کا گٹھ جوڑ

154

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) کل کے دشمن اسرائیل کے مفاد میں آج ایک دوسرے کے قریب آگئے ہیں۔ روسی خبررساں ادارے نے پیر کے روز وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے حوالے سے بتایا ہے کہ روس اور امریکا شام میں محفوظ علاقوں کے قیام کے حوالے سے اسرائیل کے مفادات کو زیر غور رکھنے کے خواہاں ہیں۔ دونوں بڑی طاقتیں شام میں بہت سے امور پر اختلاف رکھتی ہیں، تاہم اسرائیل کا مفاد دونوں کے درمیان باعث اتفاق رہا۔ لاروف کی یہ بات اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے پیرس میں اتوار کو رات گئے دیے گئے بیان کے جواب میں سامنے آئی ہے ۔ نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ یہ انتظام شام میں ایرانی وجود کو مضبوط بنائے گا، اس لیے اسرائیل اس کی یکسر مخالفت کرتا ہے ۔ نیتن یاہو کی جانب سے اعلانیہ اعتراض اسرائیلی وزیر اعظم کی حیثیت سے ایک غیر مانوس امر ہے جو شام کے حوالے سے ماسکو یا واشنگٹن کے ساتھ کسی بھی ٹکراؤ سے اجتناب کر رہے تھے ۔ دوسری جانب شام کے جنوب میں امریکا، روس اور اردن کے جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسدی اور روسی فوج کے فضائی حملے جاری ہیں۔ اس بم باری کے نتیجے میں پیر کے روز کئی شہری شہید اور زخمی ہوئے۔ سب سے زیادہ نقصان مشرقی غوط کے شہر عین ترما میں ہوا۔