الیکشن کمیشن کا بہترین کارکردگی پر13افسران کو انعامات دینے کا اعلان

76

اسلام آباد(آن لائن )الیکشن کمیشن نے ووٹر آگاہی مہم اور جی آئی ایس سروے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے الیکشن کمیشن کے 13افسران کو انعامات دینے کا اعلان کیا ہے ۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا21 جولائی کو بہترین کارکردگی دکھانے والے الیکشن کمیشن کے افسران کو تعریفی شیلڈ اور انعام دیں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق گز شتہ ایک بر س کے دوران الیکشن کمیشن نے 2 نہایت اہم قومی فریضے احسن طریقے سے پورے ملک کے تمام اضلاع میں سرانجام دیے جس میں ایک ووٹرآگاہی مہم اور دوسرا ملک کے تمام 70 ہزار پولنگ اسٹیشن میں (جی-آئی-ایس) سروے کرنا شامل ہیں،اس سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستا ن نے پورے ملک کے 70 ہزار پولنگ اسٹیشنوں کو گوگل میپ سے منسلک کرنے کے لیے ملک گیر مہم اور ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کی بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران او ر اہلکاروں کو تعریفی شیلڈ اور اعزازیہ دینے کافیصلہ کیا ہے۔ ان میں پنجاب سے 3،سندھ سے 3 ،خیبر پختونخواووفاٹا سے3 اوربلوچستان سے 4 افسران شامل ہیں۔