انسداد پولیو مہم پیر سے شروع ، 22جولائی تک جاری رہے گی

122

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں انسداد پولیو مہم کا آغاز پیر سے آغاز ہو گیا جو 22 جولائی تک جاری رہیگی۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر کراچی ویسٹ محمد آصف جمیل نے بتایا کہ ضلع غربی کی 41 یونین کونسلوں میں معمول کے مطابق بچوںکو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس دفعہ ڈسٹرکٹ ویسٹ میں 561 ایریا انچارجز، 68 UCMOs ، 158 یو سی لیول اسٹاف، 29 ڈسٹرکٹ لیول اسٹاف اور3341 ٹیموں کی مدد سے 5,96,508 بچوںکو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم قومی فریضہ ہے ،پولیو کے خاتمے کے لیے عالمی پارٹنر، محکمہ صحت، پولیس، رینجرز اور انتظامیہ مشترکہ طور پر حکمت عملی کے تحت مل کر بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں۔ مسلسل جدوجہد اور کوششوں کے نتیجے میں کارکردگی مسلسل بہتر ہو رہی ہے۔ ان کوششوں کا مقصد اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ویسٹ آصف جمیل نے والدین سے اپیل کی کہ وہ انسداد پولیو مہم کے دوران آنے والی پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور ہر بار اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں، اس سے کوئی نقصان نہیں بلکہ ہر بار پولیو کے قطرے پینے سے ان کی پولیو وائرس کے خلاف قوت مدافعت بڑھتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ویسٹ نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کی انسداد پولیو مہم کے دوران بھرپور سرگرمیوں کو بھی قابل ستائش قرار دیا اور اس امید کا اظہار بھی کیا کہ وہ 17جولائی سے 22 جولائی تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کی بھرپور نگرانی کریں گے۔ آصف جمیل نے کہا کہ انسداد پولیو کے عزم کے ساتھ اگر کام کیا جائے تو معاشرے سے پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ ہو جائے گا تاہم تمام اداروں کو اس ضمن میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔