بارسلونا‘ صدر آزاد کشمیر کی ہسپانوی ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات

151

بارسلونہ (آن لائن) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے اسپین کی حکمران جماعت کے سیکرٹری جنرل سانتی روڈری گو یز سیرا، کتلاں پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے ترجمان جون بوٹسٹامیلان کیورول سمیت ہسپانوی اراکین پارلیمنٹ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں ہسپانوی سیاستدانوں اور اراکین پارلیمنٹ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ایک المیہ ہے، عالمی برادری کو کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی اقدار اور جمہوری اصولوں پر یقین رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کی ذمے داری ہے کہ وہ اس مسئلے پر سنجیدگی سے توجہ دیں۔ اس موقع پر صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے صرف نظر نہ کیا جائے۔ صورتحال سنگین ہوچکی ہے۔ہم یورپی اور ہسپانوی حکومتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ غیر مسلح کشمیریوں کی نسل کشی کو رکوانے کے لیے کردار ادا کریں۔ بعد ازاں صدر سردار مسعود خان نے یورپ پاکستان فرینڈز شپ فیڈریشن کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوے مسئلہ کشمیر ، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال آزاد کشمیر حکومت کی ترجیحات اور تعمیر و ترقی کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ صدر آزاد کشمیر اسپین میں موجود پاکستان اور کشمیری تاجروں اور سر مایہ کاروں سے کہا کہ وہ آزاد کشمیر میں ا ٓ کر سرمایہ کاری کریں۔ سی پیک میں شامل ہونے کے بعد آزاد ریاست میں سر مایہ کاری کے شاندار مواقع پیدا ہوئے ہیں۔