بھارت کیلیے تحریک آزادی کشمیر کو روکنا ممکن نہیں‘دفاع پاکستان کونسل

104

لاہور(نمائندہ جسارت)دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین نے کہا ہے کہ بھارت کے لیے تحریک آزادی کشمیر کو روکنا ممکن نہیں رہا،پاکستان کشمیریوں کا اصل وکیل ہونے کا کردار ادا کرے، بھارت کو اب مقبوضہ کشمیریوں کو آزادی دینا پڑے گی، بدھ (کل) کو شہدا کشمیر کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ یہ بات دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ عبد الرحمن مکی، لیاقت بلوچ ،سردار عتیق احمد خاں ودیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کشمیر میں مساجد کی بے حرمتی کا ارتکاب اور لوگوں کو نمازوں کی ادائیگی سے روک رہی ہے۔کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے کشمیریوں کو جدوجہد آزادی سے پیچھے ہٹاناممکن نہیں۔ کشمیر میں بدترین ظلم وستم اور کشمیریوں کے بھرپور احتجاج کی وجہ سے تحریک ایک نیارخ اختیار کر چکی ہے۔ بھارتی فوج نہتے مظاہرین پر پیلٹ گن کے چھرے برسا رہی ہے۔ کیمیائی ہتھیار استعمال کیے جارہے ہیں لیکن اس سب کے باوجود کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرانے کے واقعات میں اور زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میں کہ جب پاکستان میں حافظ محمد سعیدسمیت دیگر رہنمائوں کو نظر بند جبکہ مقبوضہ کشمیر میںحریت رہنمائوں کو نظر بند کیا جارہاہے تو مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا ہر ممکن ساتھ دینا ہوگا۔ دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے کہاکہ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔پاکستانی حکمران شہدا کی قربانیاں فراموش نہ کریں۔ مظلوم کشمیریوں کی ہر ممکن مددوحمایت کی جائے۔ افسوس اس بات کا ہے کہ مودی سرکار کی اس بدترین دہشت گردی پر بھی دنیا کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی اور اقوام متحدہ، سلامتی کونسل جیسے اداروں نے بھی مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کشمیری مسلمانوں کی ہرممکن مددوحمایت کرے گی اور انہیں کسی صورت بھارت سرکار کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑاجائے گا۔