جناح اسپتال کے 3 ملازمین معطلی کے باوجود ڈیوٹیوں پر موجود

113

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں لاکھوں روپے مالیت کی ادویات غیر قانونی طور پر فروخت کرتے ہوئے محکمہ انسداد بدعنوانی کے چھاپے کے دوران رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے تین ملازمین معطلی کے باوجود اپنی ڈیوٹیاں معمول کے مطابق انجام دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ماہ رمضان سے چند روز قبل جے پی ایم سی کی فارمیسی پر محکمہ انسداد بدعنوانی کی ٹیم نے لاکھوں روپے مالیت کی ادویات غیر قانونی طور پر مارکیٹ میں فروخت کیے جانے کی اطلاع پر چھاپا مارا تھا اور اسٹور کیپر آل حیدر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا تھا، بعد ازاں آل حیدر کی نشان دہی پر مزید دو ملازمین سوامی (نرسنگ اٹینڈنٹ) اور سید اعجاز زیدی (نرسنگ اٹینڈنٹ) کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے لیکن ان دونوں نے ضمانت قبل از گرفتاری کرالی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں تینوں ملازمین کا نام آنے کے بعد جے پی ایم سی انتظامیہ نے ان تینوں افراد کو فوری طور پر معطل کر دیا تھا۔ بعد میں اسٹور کیپر آل حیدر نے بھی اپنی ضمانت کرالی تھی۔ ذرائع کے مطابق محکمہ انسداد بدعنوانی میں ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور مقدمہ عدالت میں پہنچ گیا ہے اور یہ تینوں افراد تا حال جے پی ایم سی انتظامیہ کی جانب سے معطل ہیں لیکن اس معطلی کے باوجود آل حیدر ایڈمنسٹریشن بلاک میں، سوامی ایمرجنسی وارڈ میں جب کہ سید اعجاز زیدی بھی مختلف وارڈز میں اپنی ڈیوٹی معمول کے مطابق انجام دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق معطل ملازمین اپنے اوپر لگے الزامات سے بری ہونے تک کوئی ڈیوٹی انجام نہیں دے سکتے۔ انتظامیہ انہیں لائن حاضر کر دیتی ہے اور انہیں بری ہونے تک وہیں دفتر میں بٹھایا جاتا ہے مگر ان تینوں ملازمین سے معمول کے مطابق ڈیوٹی لی جا رہی ہے۔