جوابی کارروائی کاحق رکھتے ہیں‘پاک فوج کا بھارت کو پیغام

90

راولپنڈی/ چناری (خبرایجنسیاں) 4 پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر پاک فوج نے بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت پر جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے‘ بھارتی فوج کی جانب سے پاک فوج کی گاڑی کو نشانہ بنانے پر پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا جس میں پاکستان نے4 جوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا‘ جبکہ ایل او سی پر گولہ باری کے باعث راولاکوٹ، پونچھ بس سروس دوسرے ہفتے بھی معطل رہی‘ دونوں اطراف درجنوں مسافر پھنس گئے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی ڈی جی ایم او نے بھارتی ہم منصب سے ہاٹ لائن پر رابطہ کرکے گزشتہ روز وادی نیلم میں بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں4 پاکستانی جوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے بھارتی ہم منصب سے کہا کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت پر جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے‘ بھارت لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی بند کرے۔ علاوہ ازیں لائن آف کنٹرول پر ہو نے والی گولہ باری سے جاری کشیدگی کے باعث دوسرے ہفتے بھی آزاد و مقبوضہ جموںوکشمیر کے درمیان چلنے والی راولاکوٹ، پونچھ بس سروس معطل رہی‘درجنوں مسافر لائن آف کنٹرول کے آر پار پھنس گئے ۔ دریں اثنا دیگر سیکٹروں پر کشیدگی کے باوجود سری نگر، مظفرآباد بس سروس معمول کے مطابق رواں رہی‘ آزاد کشمیر سے 55 مسافر مقبوضہ کشمیر گئے جبکہ مقبوضہ کشمیر سے14مسافر آزاد کشمیر آئے۔