جے آئی ٹی کو پہلے دن سے نہیں مانتے، سینیٹر چود ھری تنویر

174

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر چود ھری تنویر احمد نے کہا ہے کہ(ن) لیگ نے ہمیشہ قانون کی بالادستی ،عدلیہ کی آزادی اور عزت کی جنگ لڑی ہے ،استثنا کے باوجود وزیراعظم نے خود کو احتساب کے لیے پیش کیا حالانکہ ان کا نام پاناما لیکس میں نہیں ہے ،حکومت کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کچھ لوگ بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں اور سازش کر رہے ہیں اور کچھ سیاسی یتیم اس سازش کا حصہ بن رہے ہیں، نوازشریف کو 22کروڑ عوام کی حمایت حاصل ہے ، جے آئی ٹی کو پہلے دن سے نہیں مانتے ، ہماری جماعت نے ہمیں تمیز سکھائی ہے ورنہ 10سے20لوگوں کے گروپ کو سبق سکھانا آتا ہے ۔وہ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ سازش نوازشریف کے خلاف نہیں بلکہ ملک کے خلاف ہے ، اقتدار نوازشریف کو پاکستانی قوم نے دیا ہے ،بعض لوگوں کی خواہش ہے کہ وہ وزیراعظم بن جائیں مگر ان کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی،جمہوری نظام میں جمہوریت کے خلاف سازش کرنے والے سیاسی یتیم کبھی بھی اس ملک کی سربراہی حاصل نہیں کرسکیں گے ، جے آئی ٹی پر پہلے دن سے اعتراضات اٹھائے گئے ،جب بھی ملک ترقی کرتا ہے تو سازشیں شروع ہو جاتی ہیں ، توانائی بحران کو حل کرنے اوربیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے سمیت دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کا کریڈیٹ نوازشریف کو جاتا ہے۔چود ھر ی نثار سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چود ھر ی نثار کا تعلق پارٹی سے بہت پرانا ہے ،چود ھر ی نثار کے حوالے سے بعض عناصر افواہیں پھیلا رہے ہیں، پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ذاتی مصروفیات کی بنا پر شرکت نہیں کر سکے تھے ،مجھے نہیں لگتا کہ چود ھر ی نثار (ن) لیگ چھوڑیں گے ۔