حجاج کرام کیلیے تمام انتظامات مکمل کرلیے‘ پاکستان حج مشن

99

جدہ (رپورٹ: سید مسرت خلیل) پاکستان حج مشن کے ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے کہا ہے کہ حجاج کرام کے لیے تما م انتظامات مکمل کرلیے‘ ائر پورٹس پر سامان کی تیز کلیئرنس،حرمین شریفین سے قریب رہائش اور محفوظ وآرام دہ سفر ی سہولت کاخصوصی بندوبست کیا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے قونصلیٹ جنرل پاکستان جدہ سے ایک بیان میں کہی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حج مشن نے حجاج کرام کی سہولت کے لیے بہترین ممکنہ انتظامات کیے ہیں‘ پہلے حاجیوں کو ائرپورٹ پرسامان کلیرنس کے طریقہ کار کی وجہ سے تاخیر ہوتی تھی‘ اس سال حج مشن نے مکتب الوکلائ کے ساتھ خصوصی انتظامات کیے ہیں جو جدہ اور مدینہ المنورہ کے ائر پورٹس پر حاجیوں کے سامان کی ایکسپریس کلیئرنس میں خصوصی تعاون کرے گیجس سے حاجی جلد اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حاجیوں کے سفر کو محفوظ، آرام دہ اور پرسکون بنانے کے لیے بہتر نقل و حمل کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو حج سفر کے لیے منتخب کیا گیا ہے‘ مدینہ المنورہ میں تمام حاجیوں کے قیام کا انتظام مرکرزیہ کے علاقے میں ہے جو مسجد نبوی سے نزدیک اور پیدل چلنے کے فاصلے پر واقع ہے جبکہ مکہ المکرمہ میں حجاج ِ کرام کی رہائش کا بندوبست عزیزیہ کے علاقے میں حکومت سے منظور شدہ کرایے پر کیا گیا ہے‘ ان عمارتوں سے حرم شریف کے لیے حاجیوں کو ہر وقت آرام دہ بسوں کی سہولت میسر رہے گی۔