خوشحال پاکستان کے لیے کرپشن فری قیادت ناگزیر ہے‘دردانہ صدیقی

81

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی قیمہ دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ اسلامی اور خوشحال پاکستان کے لیے کرپشن سے پاک قیادت ضروری ہے ،دین کی خدمت ہمارا کوئی احسان نہیں بلکہ یہ اللہ کا احسان ہے کہ اس نے دین کی خدمت کے لیے ہمیں موقع دیا،اپنے اندر اس عظمت کا احساس پیدا کریں کہ اللہ نے ہمیں اس قافلے سے جوڑا جو انبیا کے مشن پر گامزن ہے۔ یہ مشن اقامت دین کا مشن ہے جس کی بنیاد قرآن ہے قیادت اور تحریک کے فیصلوں پر اعتماد جماعت اسلامی کا خاصہ ہے،جان و مال کے ساتھ جدوجہد اور سیرت پر عمل لازم ہے مایوسی سے نکلنے کے لیے نبیؐ کے وژن کو سامنے رکھیں جو دوران ہجرت پیچھا کرنے والے کو کسریٰ کے کنگن کی خوشخبری دیتے ہیں۔ عوام کی فلاح پر مبنی جماعت اسلامی کے سوشل ویلفیئر ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے اسے پارلیمانی قوت بنانا ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع شرقی کے دورے کے آغاز پر نظم ضلع کے ساتھ مرکزی نظم کی نشست کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین سندھ کی ناظمہ عطیہ نثار، کراچی کی ناظمہ فرحانہ اور نگزیب اور دیگر بھی موجود تھیں۔دردانہ صدیقی نے مزید کہا کہ نصب العین کے حصول میں آنے والی اندرونی اور بیرونی رکاوٹیں دور کرکے ہی منزل قریب آئے گی اس کی کامیابی جان ومال،وقت،صلاحیت اور توانائیوں کی قربانی مانگتی ہے کسی بھی نظریاتی تحریک کا اصل سرمایہ اور اثاثہ اس کا کارکن ہے جو اپنی جدوجہد سے اسے منزل تک پہنچاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہمات کے ذریعے دعوت کو وسعت ملتی ہے۔مہمات کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ لے کر چلیں،نوجوان اور خواتین کا ووٹ تبدیلی کا مظہر ہے،تحریک کا ہر فرد ایک دوسرے کے لیے تقویت کا باعث ہے ۔ذمے داران کارکنان کے اجتماعات میں شریک ہوکر ان کا حوصلہ بڑھائیں،کامیابی کی کنجی باہم مربوط رہناہے۔قیادت اور تحریکی فیصلوں پر اعتماد اجتماعیت کی مضبوطی اور تقویت کا باعث ہے۔