دو ریاستی حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے‘فرانس

158

پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانسیسی صدر عمانوئیل میکروں نے کہا ہے کہ فرانس تنازع فلسطین کے دو ریاستی حل کے لیے فریقین کو حتمی سمجھوتے تک پہنچانے کی خاطر تمام کوششیں بروئے کار لائے گا۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ ملاقات کے بعد پیرس میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں صدر میکروں کا کہنا تھا کہ القدس کو فلسطینی ریاست کے دارالحکومت کے طورپر تسلیم کیے جانے کی حمایت جاری رکھیں گے۔ دوسری جانب پیرس میں فلسطینیوں کے حامی افراد اور جماعتوں نے اسرائیلی وزیراعظم کے دورہ فرانس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے یہودی بستیوں کی آباد کاری اور غزہ کے محاصرے کی اسرائیلی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ احتجاج میں شریک افراد فرانسیسی دارالحکومت کے ریپبلک اسکوائر پر جمع ہوئے ۔ انہوں نے ہاتھوں میں اسرائیلی وزیر اعظم کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں جن پر قاتل، فسطائی اور اذیت پسند لکھا ہوا تھا۔