زبان کھولی تو لوگوں کی نیندیں حرام کردوں گا‘رحمن ملک

64

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر سینیٹر رحمن ملک نے گزشتہ روز دبئی میں آصف زرداری سے طویل ملاقات کی ہے‘ سینیٹر رحمن ملک نے سابق صدر کو ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی۔ ملاقات میں جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد پیدا ہونے والی ملکی صورتحال کو زیر بحث لایا گیا ۔ رحمن ملک ملاقات کے بعد پاکستان پہنچ گئے۔ علاوہ ازیںپیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمن ملک نے کہا کہ سیاست میں بہت گہرے بادل دیکھ رہا ہوں ، جب میں زبان کھولوں گا تو کئی لوگوں کی راتوں کی نیند حرام ہوجائے گی ، نوازشریف کا استعفا سیاسی جماعتیں نہیں بلکہ پاکستان کے عوام مانگ رہے ہیں ، میاں صاحب ذرا تاریخ اٹھا کر دیکھیں کہ کس وقت کس سے آپ نے استعفا مانگا تھا ، یہ تو جیسی کرنی ویسی بھرنی والا حساب ہے ۔ بینظیر بھٹو کا میڈیا ٹرائل کیا گیا ، وزیراعظم نوازشریف نے اس وقت کے منتخب وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے استعفا مانگا تھا،ہم نے اس وقت بھی کہا تھا کہ یہ سلوک غلط ہے ،جے آئی ٹی نے وزیراعظم کو ملزم قراردیا ہے لہٰذا عوام کی آواز اور سیاسی جماعتوں کے مطالبے پر نواز شریف کو اپنے عہدے سے استعفا دے دینا چاہیے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میری تحقیقات کو کوئی نہیں جھٹلا سکتا ، جے آئی ٹی نے میری رپورٹ کو 96فیصد مانا ہے ،آج اہم پریس کانفرنس کروں گا اور جب میں بولوں گا تو کئی لوگوں کی راتوں کی نیند حرام ہو گی ۔