ظفرحجازی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور

87

اسلام آباد(آن لائن)ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس، عدالت نے چیئرمین ایس ای سی پی ظفرحجازی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست5روز کے لیے منظور کرلی ۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں اسپیشل جج سینٹرل طاہر محمود نے چیئرمین ایس ای سی پی ظفرحجازی کے خلاف درج ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس کی سماعت کر تے ہوئے ملزم ظفر حجازی کو ڈھائی،ڈھائی لاکھ روپے کے2مچلکے جمع کرانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ان کی عبوری ضمانت کی درخواست21 جولائی تک منظور کرلی۔گزشتہ روز کی سماعت سے قبل ظفر حجازی نے13جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے راہداری ضمانت لی ہوئی تھی۔ان کے خلاف ایف آئی اے نے عدالت عظمیٰ کے حکم پر مقدمہ درج کیا تھا ۔واضح رہے کہ چیئرمین ایس ای سی پی ظفرحجازی کے خلاف مقدمہ ریکارڈ میں ردوبدل کرنے اور ماتحت عملے پردباو ڈالنے کے الزام میں درج کیا گیا ہے۔