لگتا ہے وزیراعظم سے اب استعفا لینا پڑے گا‘ تحریک انصاف

132

اسلا م آ با د/ ملتان(آن لائن / آئی این پی)تحریک انصاف کے رہنمائوں شاہ محمود قریشی،نعیم الحق،بابراعوان اور فواد چودھری نے عدالت عظمیٰ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے 3 رکنی بینچ میں سے کسی ایک جج نے بھی وزیراعظم کے خلاف فیصلہ دیا تو نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ ہوجائے گا، نااہلی کی زد میں صرف گاڈ فادر 1 نہیں بلکہ گاڈ فادر2 بھی ہے۔ نوازشریف جمہوریت پربوجھ اور ملکی سلامتی کے لئے خطرہ بن چکے ہیں،رنگے ہاتھوں پکڑے جانے کے بعد بھی منصب سے چمٹے رہنے کا کوئی جواز نہیں بنتا،دیگر سیاسی جماعتیں بھی نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کررہی ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاناما لیکس اللہ کی رحمت کے سوا کچھ نہیں،جے آئی ٹی کی رپورٹ نے حکمران اشرافیہ کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا ہے،یہی وجہ ہے کہ متاثرین ِ پاناما کی چیخیں آسمان تک بلند ہوتی سنائی دے رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ اپنے انجام کو پہنچ چکی ہے، نواز شریف کی ہٹ دھرمی نے نا صرف ان کی پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر قومی وقار کو بھی دھچکہ لگا ہے۔ ۔ترجمان تحریک انصاف فواد چودھری نے کہاہے کہ عدالت عظمیٰ میں درخواست گزاروں کے دلائل ہوئے اوراب نواز شریف اور ان کے بچوں کے وکیل دلائل دیں گے، جے آئی ٹی اسی نتیجے پر پہنچی جس پر پہلے عدالت عظمیٰ کے2 سینئر ججز پہنچے تھے، جعل سازی کے جرم میں شریف خاندان کو قید کی سزا کا سامنا ہے اور تحریک انصاف کے وکیل نعیم بخاری نے عدالت عظمیٰ سے نواز شریف کو طلب کرکے جرح کی اجازت مانگتے ہوئے عدالت سے درخواست کی ہے کہ آرٹیکل 62اور63کے تحت وزیراعظم کو نااہل کیا جائے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قطری خط جھوٹ کا پلندا ثابت ہوا،وزیراعظم نے پاکستان سے پیسے کما کر بیرون ملک اپنے بیوی بچوں کو جائدادیں خرید کر دیں، لندن فلیٹس کی خریداری میں کالا دھن استعمال ہوا، ہل میٹل کے منافع کا 88 فیصد نواز شریف کو مل رہا ہے۔ وزیراعظم کے پاس آخری دن ہے کہ استعفا دینگے یا نا اہل ہونا پسند کریں گے لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ استعفیٰ دیا نہیں بلکہ لیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ برٹش ورجن آئی لینڈ کی رپورٹ کے مطابق ثابت ہوگیا کہ مریم نواز فائدہ اٹھانے والی مالکن ہیں، جنہیںاب فوجداری مقدمات کا سامنا ہے اور 10 سال کی نااہلی اور 7 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ صحافیوں کی عالمی انجمن ’آئی سی آئی جے‘ نے جو کہا تھا وہی نتائج جے آئی ٹی نے دیے۔ ہل میٹل سمیت 10 کمپنیز کو کالا دھن سفید کرنے کیلیے استعمال کیاگیا اور حسین نوازنے ہل میٹل سے نوازشریف کوایک ارب سے زیادہ رقم بھیجی،ہمارے خزانے کو کنٹرول کرنے والے اسحاق ڈار خود منی لانڈرر ہیں۔ آپ نے جو جرم کیا ہے اسکی سزا ملے گی،وزیراعظم استعفا دیں اور خود کو اداروں کے سامنے پیش کریں۔