متحدہ الیکشن جیتے پر تسلیم ہارنے پر رد کرنے کا سلسلہ بند کرے، سعید غنی

66

اسلام آباد (اے پی پی) پیپلز پارٹی کے رہنما اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 114 سے ضمنی انتخاب میں کامیاب امیدوار سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں ماضی میں ہونے والے تمام انتخابات کے مقابلے میں ضمنی انتخاب انتہائی شفاف رہا ہے۔ ایم کیو ایم جہاں سے الیکشن جیتے اسے تسلیم اور جہاں سے ہارے اسے تسلیم نہ کرنے کاسلسلہ ترک کرے۔ پیر کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگومیں ایک سوال کے جواب میں سعیدغنی نے کہا کہ جس خاتون کے گھر سے بیلٹ باکس نکلا ہے اس نے بیان دیا ہے کہ اس نے 3 سال پہلے یہ بیلٹ باکس 30 روپے کا خریدا تھا۔ اگر ایم کیو ایم کے رہنمائوں کے گھروں کی تلاشی لی جائے تو ایسے ہزاروں بیلٹ باکس ان کے گھروں سے نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں موجودہ دور میں 5 ضمنی انتخابات ہوئے ہیں جن میں ایم کیو ایم پاکستان نے سب سے زیادہ ووٹ اسی حلقے میں لیے ہیں۔ کراچی کی تاریخ میں پی ایس 114 سے زیادہ شفاف انتخابات نہیں ہوئے۔ ووٹروں کی مشکلات کے حوالے سے ہمارے بھی تحفظات تھے۔