ملکی میڈیا جمہوریت کو نقصان پہنچا رہا ہے‘ ڈونلڈ ٹرمپ

172

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے صاحبزادے کی روس کی ایک وکیل کے ساتھ ملاقات کی خبریں دینے والے رپورٹرز پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ امریکی میڈیا جمہوریت کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ صدر ٹرمپ نے اتوار کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہیلری کلنٹن کو صدارتی انتخابی مہم کے دوران ہونے والی بحث کے سوال غیر قانونی طور پر پہنچائے جاسکتے ہیں اور وہ 33 ہزار ای میلز ڈیلیٹ کرسکتی ہیں لیکن جعلی نیوز میڈیا برستا میرے بیٹے ڈان پر ہے۔ اپنے ایک اور ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے الزام لگایا کہ امریکی میڈیا جسے انہوں نے ٹوئٹ میں فیک نیوز قرار دیا، اپنے تمام نامعلوم ذرائع اور متعصب اور فراڈ رپورٹنگ کے ذریعے ہمارے ملک میں جمہوریت کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے نامہ نگاروں کی انجمن نے امریکی صدر کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک آزاد اور خود مختار پریس جمہوریت کے لیے ضروری ہے۔ اُدھر واشنگٹن پوسٹ اور اے بی سی نیوز کے تحت کرائے گئے رائے عامہ کے ایک تازہ ترین جائزے سے ظاہر ہو ا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت کی سطح میں کمی آئی ہے۔ جائزے میں بتایا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کی مقبولیت اپنے عہدے کی پہلی مدت کے دوران کسی بھی صد ر کے مقابلے میں سب سے کم یعنی اپریل کے 42 فی صد کے مقابلے میں اب 36 فی صد ہے۔ ان کی غیر مقبولیت کی شرح نئے جائزے میں 5 فی صد اضافے کے ساتھ 58 فی صد ہو گئی ہے۔جب کہ 48 فی صد رائے دہندگا ن کا یہ کہنا ہے کہ وہ اپنے پہلے 6 ماہ کے دوران صدر ٹرمپ کی کارکردگی کو سخت ناپسند کرتے ہیں۔واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ٹرمپ کی مقبولیت کی کم ترین شرح کبھی بھی سابق صدور بل کلنٹن اور بارک اوباما کی سطح تک نہیں پہنچی۔