وزارت ہائوسنگ‘ پی پی دور میں 130افسران اور ملازمین کی بھرتیاں غیرقانونی قرار

71

اسلام آباد(آن لائن) وزارت ہائوسنگ و تعمیرات نے پیپلز پارٹی کے دور میں بھرتی ہونے والے 130 افسران اورملازمین کے تقررکو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں ملازمتوں سے برطرف کرنے کی سفارش کر دی ہے۔یہ ملازمین 2012ء میں پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی میں بھرتی کیے گئے تھے۔نیب نے ان ملازمین کی بھرتیوں میں ملوث سابق ایم ڈی پی ایچ اے سمیت دیگر افسران کے خلاف ریفرنس تیار کر لیا ہے۔وزارت ہائوسنگ کی جانب سے ملنے والی دستاویزات کے مطابق پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں جے یو آئی کے حصے کی وزارت ہائوسنگ و تعمیرات کے ذیلی ادارے پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی میں 194 ملازمین بھرتی کیے گئے جن کے خلاف شکایات موصول ہونے کے بعد نیب اور ایف آئی اے سمیت وزارت ہائوسنگ کے حکام نے انکوائری شروع کر دی۔دستاویزات کے مطابق ان بھرتیوں کی انکوائری کے لیے وزارت ہائوسنگ کی جانب سے3 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی اور کمیٹی نے 130ملازمین کے خلاف قواعد بھرتی ہونے کی نشاندھی کرتے ہوئے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کر دی۔