وزیراعظم کو تو اب مستعفی ہوناہی پڑے گا،مظہرشیرازی

115

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پنجابی پختون اتحاد (شیرازی) کے چیئرمین مظہر شیرازی نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد وزیر اعظم کے عہدے پر رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں، وزیر اعظم کو اب مستعفی ہونا پڑے گا۔ یہ بات انہوں نے پیر کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پی پی آئی کے مرکزی رہنما رانی شیرازی اور مولا داد درانی ودیگر بھی موجود تھے۔ مظہر شیرازی نے کہا کہ پی ایس 114میں پیپلز پارٹی کو جتوانے میں ہم نے کلیدی کردار ادا کیا۔ جس کی وجہ سے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کھلی مخالفت کر رہے ہیں مگر وہ بھول رہے ہیں کہ اس سے قبل ہم نے ان کی حمایت کی تھی جس میں وہ جیت گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ضمنی الیکشن میں ہم نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا کہ ایک ووٹ بھی ایم کیو ایم کو نہیں دیںگے۔ پیپلز پارٹی کی جیت نے ایم کیو ایم کی نیند یں اڑا دی ہیں۔پی ایس 114پی پی آئی کا حلقہ ہے نہ کہ لالو کھیت یا لیاقت آباد ہے کہ جہاں پر ایم کیو ایم کی چلے۔ انہوں نے کہ سعید غنی ہی حلقے کی قسمت کو چمکائیں گے اور 2018ء کے عام انتخابات میں بھی سعید غنی کو کامیابی سے ہمکنار کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد معاملات واضح ہوچکے ہیں۔ دو ججوں نے واضح کہ دیا کہ وزیر اعظم صادق اور امین نہیں رہے، جو صادق اور امین نہیں ہوتا وہ جھوٹا اور خائن ہوتا ہے۔ اب ایسا شخص عہدے پر فائز نہیں رہ سکتا۔ وزیر اعظم اپنے عہدے سے فی الفور مستعفی ہوجائیں بصورت دیگر جمہوریت خطرے میں پڑ جائے گی۔