پاکستان اور افغانستان کے حوالے سے جلد نئی پالیسی کا اعلان کرینگے،امریکا

105

واشنگٹن (آن لائن)امریکی ایوان نمائندگان نے پاکستان کو دی جانے والی فوجی امداد پر مزید سخت شرائط عائد کرنے کا بل منظور کر لیا ،ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امریکا افغانستان اور پاکستان کے حوالے سے نئی پالیسی کا اعلان بھی جلد کردے گا۔تفصیلات کے مطابق امریکی امداد کے 696اراب ڈالر سے زائد کے اس دفاعی پالیسی بل کے حق میں 344 اور مخالفت میں 81 ووٹ ڈالے گئے، بل پرعمل اسی سال یکم اکتوبر سے ہوگا۔بل میں لگائی گئی نئی شرائط کے تحت پاکستان کودفاعی امدادحاصل کرنے کے لیے انسداد دہشت گردی آپریشنز کے لیے واضح اقدامات کرنے ہوں گے، سرحد پارحملے روکنے کے ساتھ ساتھ بارودی سرنگوں سے نمٹنے کے لیے مناسب کارروائی کرنا ہوگی۔بل کے تحت یکم اکتوبر 2017ء سے31 دسمبر 2018ء تک پاکستان کے لیے مخصوص 40 کروڑ ڈالرامداد اس وقت تک نہیں دی جائے گی جب تک امریکی وزیر دفاع اس بات کی تصدیق نہ کردیں کہ پاکستان شمالی وزیرستان میں حقانی نیٹ ورک کے خلاف مسلسل فوجی آپریشن کر رہا ہے اور پاک افغان سرحد پر عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے افغان حکومت سے مکمل تعاون کر رہا ہے۔ بل اب سینیٹ سے منظورہوگا جس کے بعدامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس کی حتمی منظوری دیں گے اوریہ قانون کی شکل اختیار کر جائے گا۔ادھر امریکی قومی سلامتی کے مشیر جنرل ایچ آر میک ماسٹر کا کہنا ہے کہ امریکا جنوبی ایشیا کے لیے پالیسی پر کام کررہا ہے لیکن اس کااطلاق خصوصی طورپر پاکستان اور افغانستان دونوں پر کیا جاسکے گا، پالیسی کا اعلان جلدکر دیا جائے گا۔