چھٹے کامن ویلتھ یوتھ گیمز آج سے بہاماس میں شروع ہونگے

201

کراچی (سید وزیر علی قادری) چھٹے کامن ویلتھ یوتھ گیمز آج سے ہاماس جزیرے میں شروع ہورہے ہیں۔ کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کے لیے ایک ہزار ایتھلیٹس پہنچ گئے۔افتتاحی تقریب کے بارے میں منتظمین کا کہنا ہے کہ شاندار تیاری کی ہے اور شائقین اس سے ضرور محظوظ ہونگے۔ 64ممالک سے تعلق رکھنے والے 14سے 18سال تک کے نوجوان کھلاڑی اس میں اپنے جوہر دکھائیں گے۔ 6 روزہ میگا ایونٹ میں 9کھیلوں کو جگہ ملی ہے جس میں ایتھلیٹکس، ایکوئیٹکس (سوئمنگ)، بیچ سوسر، باکسنگ، سائیکلنگ (روڑ)، جوڈو، رگبی سیونز، ٹینس اور بیچ والی بال گیمز شامل ہیں۔ بہاماس میں اتنا بڑا ایونٹ پہلی مرتبہ منعقد ہورہا ہے اور پورے کیربئین میں 50سالہ تاریخ میں کامن ویلتھ گیمز منعقد نہیں ہویے تھے۔ 1966میں کنگزٹن، جمیکا میں ان کا انعقاد ہوا تھا۔ اس موقع پر وزیر اعظم ڈاکٹر ہربرٹ مننس کا کہنا ہے کہ کہ ہمارے لیے پہلا موقع ہے کہ تمام وہ ممالک جن کا تعلق کامن ویلتھ گیمز سے ہے ان کے ایک ہزار نوجوان ہمارے ملک میں شرکت کے لیے آئے ہیں جو ایک اعزاز ہے۔ یہ ہی نہیں کئی ممالک کے ایتھلیٹس کوسوں دور یعنی دور دراز علاقوں سے سفر کرکے یہاں پہنچے ہیں ان کو ہم اجنبیت کا احساس نہیں ہونے دیں گے اور وہ یقینا یہاں سے جو تجربہ لے کر جائیں گے وہ یادگاری رہے گا۔ اس سے ایک دوسرے سے قریب آنے اور ایک دوسرے کو سمجھنے میں کافی مدد ملے گی۔ میں ان تمام نوجوانوں کو اپنی قوم کی جانب سے خوش آمدید کہتا ہوں۔ اس کے علاوہ شائقین کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیمز میں موجود ہوگی جو اپنے ستاروں کو کھیلتا دیکھے گی اور ان کی بہترین کارکردگی پر شاباش بھی دے گی جس سے ان میں حوصلہ بڑھے گا۔ اس موقع پر کامن ویلتھ یوتھ گیمز فیڈریشن کے صدر لوئس مارٹن کا کہنا تھا کہ ہم نے بہت ہی منفرد انداز میں افتتاحی و اختتامی تقریب کا اہتمام کیا ہے جس سے شائقین اور مختلف ممالک سے آئے ہویے ایتھلیٹس ضرور خوش ہونگے اور خوشگورار یادیں لے کر جائیں گے۔ ہم یہ سجھتے ہیں کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر کوئی اپنا حصہ ڈالنے کو تیار ہے اور اس سے محبت کا پیغام پھیلے گا۔ دریں اثنا افتتاحی تقریب جو آج منعقد ہوگی اس میں گورنر جنرل ڈیم مارگریٹ ، وزیر اعظم، کامن ویلتھ سیکریٹری جنرل شریک ہونگے۔ کوئنز بٹن ریلے مختلف جگہوں سے گھوم کر آج اسٹیڈیم پہنچے گی تویہ منظر شائقین بہت عرصے تک بھول نہ پائیں گے۔ اس کے علاوہ سنگاپور سے تعلق رکھنے والی 13سالہ فیتھ کہو اس ایونٹ میں سب سے چھوٹی عمر کی ایتھلیت ہوگی جو 100اور 200میٹر کی ریس میں حصہ لے گی۔ وہ اپنے ملک سے میزبان ملک 17ہزار کلومیٹر سے زیادہ فاصلہ طے کرکے پہنچی ہے۔ میزبان ملک کے 95ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں جو سب سے بڑا دستہ ہے۔ دیگر ممالک میں آسٹریلیا 75، انگلینڈ 72، کینڈا 59، ٹرانڈیڈ اور ٹوباگو 50،50ایتھلیٹس پر مشتمل ہے۔ اس موقع پر 700والینٹرز اپنی خدمات انجام دیں گے۔ اختتامی تقریب 23جولائی کو ہوگی۔