کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینٹرل جیل سے قیدیوں کے فرار کے بعد کراچی سینٹرل جیل میں قیدیوں سے ملاقات کے لیے آنے والوں سے رشوت دگنی کردی رشوت نہ دینے پر قیدیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جانے لگا۔تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل میں کرپشن کا بازار مزید گرم ہوگیا، سینٹرل جیل کراچی میں کالعدم تنظیم کے 2قیدیوں کے فرار ہونے والے واقعے اور جیل میں ہونے والے آپریشن کے بعد قیدیوں سے ملاقات کے لیے آنے والے ان کے اہل خانہ سے رشوت دگنی کردی گئی۔ میڈیا سے بات چیت میںمتاثرہ شہری نے بتایا کہ سختی کے نام پر گیٹ سے لے کرملاقات تک ہر اہلکار کو 100سے 300روپے دینے پڑتے ہیں۔متاثرہ شہری کے مطابق علاج کے لیے جانے والے عام قیدیوں سے بھی پیسے لیے جاتے ہیں اور جو زیادہ پیسے دے اسے دیگر سرکاری اسپتالوں میں بھی شفٹ کروادیا جاتا ہے۔ متاثرہ شہری کے مطابق جیل انتظامیہ کو پیسے نہ دو تو دھمکیاں دی جاتی ہیں کہ تمہارے قیدی کو قتل کرکے خود کشی ظاہر کردیں گے۔ ایک جانب جیل انتظامیہ کی سیکورٹی اور انتظامی معاملات میں مکمل نااہلی سامنے آئی ہے تو وہیں جیل میں کرپشن کا بازار بھی گرم ہے جسے کوئی روکنے والا نہیں۔