ایشین جونیئر بیڈ منٹن چیمپئن شپ میں عمدہ کھیل پیش کروں گا،دانیال علی

101

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے جونیئر بیڈ منٹن اسٹار دانیال علی نے کہا ہے کہ ایشین جونیئر بیڈ منٹن چیمپئن شپ میں عمدہ کھیل پیش کروں گا ،تربیتی کیمپ میں سخت محنت کر رہاہوں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رو خصوصی بات چیت میں کیا ۔دانیال علی پاکستان اسپورٹس بورڈ اسلام آباد سینٹر میں ٹرائلز میں میں شریک تھے جہاں ان کے ساتھ 3 مزید جونیئر کھلاڑی ایشین جونیئر بیڈ منٹن چیمپئن شپ کے لئے منتخب ہو ئے ۔دانیال علی کروشیا میں انٹر نیشنل بیڈ منٹن چیمپئن شپ بھی جیت چکے ہیں جس کے علاوہ انہوں نے متعدد انٹر نیشنل ایونٹس میں کم عمری میں شرکت کر کے اپنے کھیل میں نکھار پیدا کیا۔ انہیں پاکستان بیڈ منٹن کے مستقبل کے لئے بہترین اضافہ قرار دیا جا رہا ہے ،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن کے سیکریٹری واجد چوہدری کی دل چسپی اور محنت سے پاکستان میں بیڈ منٹن ماضی کی طرح عروج کی جانب جا رہی ہے اور اب کھلاڑیوں کو انٹر نیشنل ایونٹس بھی مل رہے ہیں، میں کراچی میں پریکٹس جاری رکھے ہوئے ہوں اور اپنے والد محمد عامر سے کوچنگ لے رہا ہوں جبکہ منیجر پرویز بٹ کے ساتھ ساتھی کھلاڑی راجا ذوالقرنین ،شعیب اور باسط کے ساتھ زبردست تیاری کر رہے ہیں۔ ہم سب اس ایونٹ میں عمدہ پرفارمنس کے لئے پر عزم ہیں ۔ان کاکہنا تھا کہ کیمپ میں ہم اپنی خامیوں پر کام کر رہے ہیں جبکہ روز مرہ کی ٹریننگ میں اسکلز میں اضافہ بھی ہوراہا ہے۔ جبکہ فٹنس بھی پہلے سے بہت بہتر ہو گئی ہے،ایشین چیمپئن شپ کھیل کر ہمارے تجربے میں بھی اضافہ ہوگا جو مستقبل میں ہمارے کام آئے گا ۔واضح رہے کہ ایشین جونیئر بیڈ منٹن چیمپئن شپ26جولائی سے انڈونیشیا سے شہر جکارتہ میں منعقد ہو گی۔