بارش سے انسانی جانوں واملاک کا نقصان افسوسناک ہے‘ معراج الہدیٰ

120

کراچی(اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت امکانی تیز بارش کے پیش نظر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت سمیت نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے پیشگی اقدامات کر کے عوام کو دہرے عذاب سے بچائے۔انہوں نے ایک بیان میں حالیہ بارشوں اور بجلی کے کرنٹ لگنے سے قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے نقصان پر دلی دکھ اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ بارش اللہ کی رحمت ہوتی ہے مگر حکمرانوں کی نا اہلی اور کرپشن کی وجہ سے یہ عوام الناس کے لیے زحمت بنادی جاتی ہے۔ کراچی سمیت سندھ کے بعض علاقوں میں ہونے والی معمولی بارش کی وجہ سے سڑکیںراستے تالاب کا منظر اورگلی محلے گندگی و غلاظت کے ڈھیر بن گئے۔ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں تو مسجد یں پانی سے بھری نظر آرہی ہیں جو کہ صوبائی و شہری حکومتوں کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے حالانکہ بارش سے پہلے شہر میں ندی نالوں کی صفائی کے بلند و با نگ دعوے کیے گئے تھے مگر معمولی بارش نے ان کے تمام دعوئوں کی قلعی کھول دی ہے۔ عوام یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ کراچی کے ندی نالوں کے صفائی کے نام پر 83 کروڑ رروپے کہاں خرچ ہوئے؟ صوبائی امیر نے زور دیا کہ حکومت مزید امکانی بارشوں کے پیش نظر نکاسی آب، صفائی ستھرائی اور وبائی بیماریوں سے بچائو کے لیے ٹھوس اورکرپشن فری اقدامات کرے۔