بزم ساتھی کے زیر اہتمام بچوں کے لیے سمر کیمپ

134

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) بزم ساتھی ملیر نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی دو روزہ سمر کیمپ بعنوان Camp Edutainment 11-12 جولائی کو کرنل فارم ہائوس پر منعقد کیا ۔جس کا مقصد بچوں کی ذہنی اور جسمانی صلاحیتوںکو نکھارنا اور ان میں شعور و آگہی پیدا کرنا تھا۔ کیمپ کا افتتاح ڈائریکٹر بزم ساتھی کراچی حمزہ محمد صدیقی اور سابق صدر بزم ساتھی کراچی اطہر بلال نے کیا۔کیمپ کا پہلا سیشن مسلم ہیروز کے عنوان سے ہوا جس میں سابق صدر بزم ساتھی کراچی سعد فاروق نے طلبہ کوعظیم مسلمان ہستیوںاور ان کی خدمات سے آگاہ کیا۔طلبا کی کردار سازی کے لیے ــ”Character Building” کے عنوان سے ایک ورک شاپ کا انعقادبھی کیا گیاجس کے اسپیکر معروف یوتھ ٹرینر سعد زبیری تھے۔انہوں نے کردار سازی کی اہمیت اور فوائد پر روشنی ڈالی۔کیمپ میں نشید مقابلہ کا سیشن بھی کیا گیاجس میں بچوں نے نعتوں،نظموں اور ترانوں کے ذریعے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ کیمپ کے دوسرے روز”چلڈرن اسمبلی”کا انعقاد کیا گیاجس کا مقصد بچوں میں سیاسی و انتظامی شعور بیدار کرنا تھا۔طلبہ اسمبلی کے اسپیکر،قائد اعوان اور قائد حزب اختلاف کو انتخابی عمل کے ذریعے منتخب کیا گیاجس میں کل 12امیدواروں نے حصہ لیا۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا کہ طلبا کو تمام تر توجہ اپنی تعلیم ،ملک و قوم کی تعمیر اور والدین کی خدمت پر مرکوز رکھنی چاہیے۔ نیز نویں اور دسویں جماعت کے طلبا کے لیے کیریئر کائونسلنگ ورکشاپ کی گئی جو کہ معروف یوتھ ٹرینر شہزاد قمرنے کنڈکٹ کی۔تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر بزم ساتھی زون شرقی قاضی خباب الدین نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا میں انعامات اور وظائف تقسیم کیے۔