بلدیہ ٹائون انوی ٹیشن انٹرکلبز ہاکی لیگ‘ رانا اور ایئرپورٹ کلب فائنل میں

85

کراچی (اسٹاف رپورٹر) رانا کلب اور ایئر پورٹ ہاکی کلب نے بلدیہ ٹائون انوی ٹیشن انٹر کلبز ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔ بلدیہ ٹائون ہاکی گرائونڈ پر کھیلے گئے سیمی فائنل میچوں میں اے او ہاکی کلب اور میزبان بلدیہ کلب کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا ،کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں رانا ہاکی کلب نے اے اوہاکی کلب کو 3-2سے مات دے کر ٹائٹل میچ کے لئے کوالیفائی کیا ۔فاتح ٹیم کی جانب سے عاقب نے21ویں اور نزاکت نے 42ویں منٹ میں گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو 2-0کی برتری دلائی تاہم اے او کی جانب سے اولمپئن حسیم خان نے49ویں منٹ میں گول اسکور کر کے میچ کو دل چسپ بنایا تاہم 51ویں منٹ میں رانا کلب کے شہباز نے خوب صورت فیلڈ گول کر کے اپنی ٹیم کو پھر 2 گول سے سبقت دلائی جس کے بعد اے او نے حملے تیز کر دیے ۔اس دوران 54ویں منٹ میں اے او کے حنین نے گول کر کے میچ کو دل چسپ ضرور بنایا تاہم مزید گول نہ ہوسکا اور رانا کلب نے فائنل میں جگہ بنائی ۔دوسرے سیمی فائنل میں ایئر پورٹ کلب نے میزبان بلدیہ کو پنالٹی اسٹروکس پر4-2سے شکست دے دی ۔،مقررہ وقت تک مقابلہ ایک ایک گول سے برابر تھا ۔ بلدیہ کلب کے اسد نے 5ویں منٹ میں گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلا دی تھی تاہم فاتح ٹیم کی جانب سے زبیر نے13ویں منٹ گول برابر کر دیا جس کے بعد کوئی بھی ٹیم مقررہ وقت تک گول اسکور نہیں کر سکی ۔پنالٹی اسٹروکس پر ایئر پورٹ کلب نے 3-1سے فتح سمیٹ لی ۔اس کی جانب سے وہاب ،مظہر اور تسنیم نے گول کئے جبکہ بلدیہ کا واحد گول بلال ہی کر سکے ۔فائنل22جولائی کو کھیلا جائے گا ۔ ،اس موقع پر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری سید حیدر حسین ،گلفراز خان ،اعجاز الدین ،ایسوسی ایٹ سیکریٹری جاوید اقبال ،محسن علی خان، سید نسیم حسین ،عبدالعظیم ،اعظم خان ،رائو جاوید،ڈاکٹر ایس اے ماجد۔ڈاکٹر حمید،ارشد صدیقی ،فیصل اسماعیل،شاہد نذیر اور دیگر بھی موجود تھے۔