جے آئی ٹی رپورٹ وزیراعظم کیخلاف سازش ہے‘وزیراعلیٰ بلوچستان

158

کوئٹہ (صباح نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ وزیراعظم کے خلاف سازش ہے جو جمہوری نظام کے لیے خطرناک ہے ‘بلوچستان کے عوام اور حکومت کا محمد نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے‘ کسی فرد واحد کو منتخب وزیر اعظم کو ہٹانے کا کوئی حق نہیں‘ اچھے بُرے کا فیصلہ عوام پر چھوڑ دیا جائے اور 2018ء کا انتظار کیا جائے تو سب کے لیے بہتر ہو گا۔ کوئٹہ میں پارلیمانی رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ بعض عناصر ٹکرائو کی سیاست چاہتے ہیں‘ یہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے‘ اداروں میں ٹکرائو کے ہم سخت خلاف ہیں‘ منتخب جمہوری حکومت کو غیر مستحکم کرنا ملکی مفاد میں نہیں ہو گا‘ ہم اداروں میں ٹکرائو کی سازش کو ناکام بنا دیں گے ‘جے آئی ٹی کی نامکمل رپورٹ پر شور شرابا سمجھ سے بالاتر ہے ‘ عدالت کے فیصلے کو من وعن تسلیم کریں گے ‘ہم عدالت کا احترام کرتے ہیں۔