دوسرا ٹیسٹ‘ جنوبی افریقا نے انگلینڈ کو 340رنز سے ہرادیا‘ ورنن فلینڈر مین آف دی میچ

145

ناٹنگھم (جسارت نیوز)جنوبی افریقا نے بولرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں آئوٹ کلاس کرتے ہوئے 340 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ٹرینٹ برج میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز انگلینڈ نے 474 رنز کے ریکارڈ ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری نامکمل اننگز ایک رن بغیر کسی نقصان کے شروع کی تو اسے ابتدا سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔جنوبی افریقی بولرز کی نپی تلی اور شاندار بولنگ کا میزبان بلے بازوں کے پاس کوئی جواب نہ تھا اور انگلینڈ کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی مانند گرتی رہیں۔ایلسٹر کک 42، معین علی 27، جونی بیئر اسٹو 16 اور بین اسٹوکس 18 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ7 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔انگلینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 133 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 100 اوورز بھی بیٹنگ نہ کر سکی۔جنوبی افریقا کی جانب سے مین آف دی میچ ورنن فلینڈر نے3، کیشپ مہاراج نے3 جبکہ کرس مورس اور ڈوان الیویئر نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔میچ میں 340 رنز سے فتح کی بدولت جنوبی افریقا نے 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ 27 جون سے اوول میں کھیلا جائے گا۔