فیبرک کی درآمد پر عائد سیلز ٹیکس کی تشریح مسترد

208

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کسٹمز حکام کی جانب سے کمرشل امپورٹر ز کی فیبرک کی درآمد پر عائد سیلز ٹیکس کی تشریح کو مسترد کر تے ہوئے تمام ان لینڈ ریو نیو کے چیف کمشنر کو ہدایت جاری کر تے ہوئے کہا کہ کمرشل امپورٹر زکی جانب سے امپورٹ کر دہ فنش فیبرک کی تفصیلات کسٹمز حکام سے لے کر اس بات کی یقین دہانی کرائیں کہ اس پر 5فیصد سیلز ٹیکس اور ایک فیصد ایڈیشنل سیلز ٹیکس لیا گیا ہے ۔ اس پر کسٹمز حکام اس ٹیکس کو لینے میں کسی قسم کی کوتاہی برتتے ہیں، انو ائس پر تادیبی کارروائی کریں۔ واضح رہے کہ کسٹمز حکام کی جانب سے ایس آر او 1125کی غلط تشریح کے باعث فیبرک کے 200سے زائد کنسائن منٹس کی کلیئرنس ڈیڑھ ماہ سے تعطل کا شکار ہورہی تھی ۔ جس کی وجہ سے فیبرک کے درآمد کنندگان کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ ان لینڈ ریو نیو پالیسی ونگ ، ایف بی آر نے کلکٹر اپریزمنٹ ویسٹ کو ایک مراسلے میں ایس آر او 1125(1)/2011کے تحت ہونے والی فنش فیبرک کی درآمد کے حوالے سے وضاحت جاری کی گئی ہیں ۔ مراسلے میں یہ بات بھی کہی گئی کہ کمرشل امپورٹر زکی جانب سے درآمد کردہ فنش فیبرک اور اس کے غلط استعمال کے حوالے سے تفصیلات پر غور کیا گیا ۔اس ضمن میں ان لینڈ ریو نیو ونگ کا کہنا ہے کہ ایس آر او 1125کے تحت فیبرک کی درآمد اگر صنعتی یونٹ کے لیے کی گئی ہے تو اس پر سیلز ٹیکس اور ایڈیشنل سیلز ٹیکس صفر فیصد ہے تاہم اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ فیبر ک کا استعمال بحیثیت خام مال گارمنٹ انڈسٹری میں ہوتا ہے ۔لہٰذا کمرشل امپورٹر کی جانب سے امپورٹ کردہ فیبرک کا استعمال ہر حال میں انڈسٹری نے ہی کر نا ہے ۔ اس لیے ان پر بھی صفر فیصد سیلز ٹیکس عائد ہے، اگر 5فیصد برآمد سیکٹر اس کی درآمد کریں البتہ اس کی مزید سپلائی اگر ریٹیلرز کوکی جائے یا اینڈ کنزیومر کو کی جائے تو اس پر سیلز ٹیکس 5فیصد عائد ہے ۔ ان لینڈ ریونیو ونگ کا کہناہے کہ اس ایس آراو کو ایس آر او 548(1)2017کے ذریعے اس میں ترمیم کی گئی جس کے تحت فیبرک کے کمرشل امپورٹرز پر سیلز ٹیکس 6فیصد اور ویلیو ایڈیشنل ٹیکس 2فیصد کے تناسب سے نافذ کیا گیا تھا جبکہ فیبرک کی مزید آگے سپلائی پر سیلز ٹیکس 5فیصد سے بڑھا کر 6فیصد کردیا گیا تھا۔ لہٰذا کلکٹر کی فیبرک کی کلیئرنس پر یہ تشریح کی کہ کمرشل امپورٹر زکی جانب سے فیبرک کی امپورٹ پر صفر فیصد ٹیکس کی رعایت صرف انڈسٹری کو سپلائی کرنے والے کو دی جائے گی ۔ ان لینڈ ریونیو نے کلکٹر کو آگا ہ کیاہے کہ کسٹمز حکام فیبرک کی کلیئرنس کے وقت اس بات کا اندازہ نہیں لگا سکتے کہ امپورٹ کیاجانے والا فیبرک مینوفیکچر ز کے لیے ہے یاپھر ریٹیلرز کے لیے، اس ایس آراو کا مقصد یہ ہے کہ کمرشل امپورٹر کی جانب سے سیلز ٹیکس صفر فیصد چارج کیاجانا چاہیے اور اگر اس کی سیل مزید آگے ریٹیلر یا کنزیومر کو کی جائے تواس پر سیلز ٹیکس 5فیصد وصول کیاجائے ،اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ بالکل واضح ہے کہ کمرشل امپورٹر کی جانب سے فیبرک کی امپورٹ پر صفر فیصد سیلز ٹیکس عائد ہے البتہ یکم جولائی 2017ء سے ان پر سیلز ٹیکس 6فیصد ،ویلیو ایڈیشنل ٹیکس 2فیصد ایس آر او 548کے تحت وصول کیا جانا ہے ۔