ملک شاہ محمد خان اور ملک گل باز خان کی نااہلی کیلیے درخواستیں، سماعت27جولائی تک ملتوی

179

اسلام آباد(آن لائن)الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد خان اور ان کے بھائی ممبر ضلع کونسل بنوں ملک گل باز خان کی نااہلی کے لیے دائر درخواستوں کی سماعت27جولائی تک ملتوی کر دی ،دونوں کے خلاف جمعیت علمائے اسلام سے تعلق رکھنے والے ملک نعیم خان نے شیڈول فور میں ناموں کی موجودگی کے حوالے سے درخواست دائر کی ہے۔ پیر کو چیف الیکشن کمشنرجسٹس سردار رضا خان کی سربراہی میں4 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔اس موقع پر درخواست گزار ملک نعیم خان کی جانب سے ان کے وکیل انوارالحق ایڈووکیٹ نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ بنوں کے حلقے پی ایف72سے رکن اسمبلی منتخب ہونے والے ملک شاہ محمد خان اور اس کے بھائی ممبر ضلع کونسل بنوں ملک گل باز خان کے نام حکومت کی جانب سے شیڈول فور میں موجود ہیں اور قانون کے مطابق شیڈول فور میں ہونیو الے افراد الیکشن کے لیے اہل نہیں ہوسکتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ان دونوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے اور ان کے پاس اس وقت کافی فنڈز ہیں جس کو وہ استعمال کر رہے ہیں۔