والیوم10 مانگنے والوں نے ماڈل ٹاؤن کمیشن کی رپورٹ دبا رکھی ہے،طاہر القادری

103

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ خواہش ہے اپوزیشن ’’گو نواز گو‘‘ ایجنڈا پر ایک پیج اور اسٹیج پر آجائے، والیم نمبر 10 نہ ملنے کو انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کہنے والوں نے 3 سال سے جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ دبا رکھی ہے، آئین، قانون، انصاف کا قدم قدم پر قتل عام کرنے والے آج ہر سانس کے ساتھ انصاف اور حقوق کی بات کرتے ہیں، قاتل برادران بتائیں انہوں نے کس قانون، اخلاقیات اور جمہوری اقدار کے تحت ماڈل ٹائون میں بے گناہ انسانی خون بہایا؟ قانون نے قاتلوں اور لٹیروں کو ایکسپوز کر دیا اب عوام انہیں ایوانوں سے نکالنے اور جیلوں میں ڈالنے کیلیے باہر نکلیں۔ گزشتہ روز عوامی لائرز ونگ کے اجلاس سے خطاب میں ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ احتساب کو سازش کہنے والوں کے دامن داغدار ہیں۔ جے آئی ٹی نے ان کی تسلی سے تلاشی لی اور ان کی جیبوں سے صرف جھوٹ، فراڈ، تضادات نکلے۔ یہ اداروں، اس نظام اور قانون کی کمزوری ہے کہ پوری طرح بے نقاب ہونے کے باوجود چور آنکھیں دکھا رہے ہیں۔