وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس‘ اپوزیشن کے احتجاج پر جوابی حکمت عملی تیار

104

اسلام آباد(آن لائن) وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، وفاقی وزرا و قانونی مشیروں کی شرکت، جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد پاناما کیس کی پہلی سماعت کے بعد کی صورتحال پر مشاورت، اپوزیشن کے احتجاج کے مقابلے کے حوالے سے مشاورت کی گئی، پیر کے روز وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا غیر رسمی مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا وزیراعظم کے مشیروں، معاون خصوصی سمیت عدالت عظمیٰ میں وزیراعظم اور شریف خاندان کا پاناما کیس میں دفاع کرنے والی قانونی ٹیم نے شرکت کی، پاناما کیس میں وزیراعظم کی لیگل ٹیم میںجے آئی ٹی رپورٹ پیش ہونے کے بعد عدالت عظمیٰ میں پہلی سماعت اور وزیراعظم اور شریف خاندان کی جانب سے پیش کیے جانے والے موقف سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں سے سیاسی میدان میں اپوزیشن کے مقابلے کے حوالے سے بھی مشاورت کی، وزیراعظم نے سینیٹ و قومی اسمبلی کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں اپوزیشن کے احتجاج پر جوابی حکمت عملی تیار کرنے کے لیے سیاسی مشیران کو ہدایت کی۔ بعدازاں وزیراعظم نواز شریف سے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی ملاقات کی، جس میں اپوزیشن جماعتوں کی احتجاجی حکمت عملی پر جوابی حکمت عملی کے حوالے سے آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے مشاورت کی گئی، وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے آپ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے جبکہ وزیراعظم سے قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے حالیہ دنوں میں دوسری ملاقات کی ہے، ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں قومی اسمبلی کااجلاس طلب کرنے اور اجلاس کی کارروائی کے بارے میں مشاورت اور اہم قانونی پہلوئوں پر ٖغور کیا گیا۔