جنرل راحیل تاحال اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ نہیں بنے‘ سرتاج عزیز

143
شعبہ صنعت و پیداوار میں بہتری کیلیے اقدامات کر رہے ہیں، سرتاج عزیز

اسلام آباد( خبرایجنسیاں ) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف راحیل شریف تاحال اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ نہیں بنے ہیں۔سینیٹ میں سعودی عرب کی سربراہی میں اسلامی فوجی اتحاد پر پالیسی بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلامی اتحادی فوج کا قیام اب تک عمل میں نہیں آیا، وہاں انسداد دہشت گردی کی ٹریننگ ہورہی ہے ، سابق آرمی چیف راحیل شریف بھی تاحال اتحادی فوج کے سربراہ نہیں بنے، ٹی او آرز پر مشاورت کرنے والے وزرا دفاع کا اجلاس نہیں ہوا اسی لئے عسکری اتحاد کے ٹی او آرز طے نہیں ہوئے۔مشیرخارجہ کے بیان پر چیئرمین سینیٹ رضاربانی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک سعودی اتحاد کے ٹی او آرز تک نہیں بنے اور فوج تیار ہوگئی آپ نے تو اس فوجی اتحاد کا سربراہ بھی مقرر کر دیا ہے، آپ کے سابق آرمی چیف سعودی اتحاد کی سربراہی کے لیے بھی چلے گئے، وہ وہاں کیا کر رہے ہیں، ریٹائرڈ فوجی کرنل اور بریگیڈئر رینک کے افسران وہاں جا رہے ہیں، امریکی سینیٹرز پاکستان آتے ہیں اور صرف انتظامیہ اور فوجی حکام سے ملاقاتیں کرکے چلے جاتے ہیں انہوں نے کبھی منتخب نمائندوں سے ملاقات نہیں کی۔رضاربانی نے مشیر خارجہ سے استفسار کیا کہ اگر ٹی او آرز پاکستان کی مرضی کے مطابق نہ بنے تو حکومت کیا کرے گی، اگر اتحادی فوج کا قیام عمل میں آگیا اور اس نے مشرق وسطیٰ کے کسی ملک کے خلاف کارروائی کی تو آپ کیا کریں گے، آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ اس کا اثر نہیں پڑے گا۔سرتاج عزیزنے جواب دیا کہ سابق آرمی چیف اسی پالیسی پر عمل کریں گے جو پاکستان کی پارلیمنٹ بنائے گی۔