لیگ اسپنر یاسر شاہ کا شاداب خان کو 4 روزہ کرکٹ میچز کھیلنے کا مشورہ

190

لاہور (جسارت نیوز ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے شاداب خان کو 4 روزہ کرکٹ میچز کھیلنے کا مشورہ دے دیا۔ کہتے ہیں کہ شاداب کے پاس بولنگ میں اچھی ورائٹیز ہیں۔برطانوی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ وہ شاداب خان کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں۔ شاداب گگلی اور فلپرز کا بہترین استعمال کرتے ہیں۔ وقت کے ساتھ ان کی بولنگ میں مزید نکھار آتا جائے گا۔ یاسر شاہ نے کہا کہ ٹیسٹ میچز میں بولرز کے لیے صبر آزما مراحل آتے ہیں۔ انہیں وکٹ کے لیے انتظار اور منصوبہ بندی کرنا پڑتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاداب کو بھی طویل فارمیٹ کے لیے خصوصی تیاری کرنا ہوگی۔ لیگ اسپنر 4 روزہ میچز کھیلیں تو لمبے اسپیل انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹیں حاصل کرنے کا ہنر سیکھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔یاسر شاہ نے کہا کہ وہ اپنی گگلی بھی بہتر بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ کچھ ایسی گیندوں پر بھی کام جاری ہے جو حریف بلے بازوں کو حیران کرسکیں۔ سری لنکا کے خلاف متحدہ عرب امارات سیریز میں نئی ورائٹی نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا پہلا ہدف 200 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنا ہے ۔یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی فارمیٹ ہو پوری کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرسکوں۔ ڈومیسٹک کرکٹ اور لیگز میں اچھی کارکردگی سے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنا چاہوں گا۔