میئرکراچی کاذوالفقارآبادآئل ٹینکرزٹرمینل کادورہ

116

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل میں تمام تعمیرات نقشے کے مطابق کی جائیں گی، عدالت عظمیٰ کی ہدایت کی روشنی میں شہر بھر سے آئل ٹینکرز کو فوری ٹرمینل منتقل کرنا ہے لہٰذا رنگ و روغن ، پانی و بجلی کی فراہمی سمیت مرمت و مینٹی نینس کے کام جلد از جلد نمٹا دیے جائیں، یہ بات انہوں نے منگل کی سہ پہر ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل کے تفصیلی دورے کے موقع پر کہی جہاں انہوں نے عدالت کے احکامات کی روشنی میں آئل ٹینکرز کی منتقلی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر آئل مارکیٹنگ کمپنی کے نمائندے، آئل پاکستان ٹینکرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے علاوہ سینئر ڈائریکٹر مختار حسین، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور، ڈائریکٹر اسٹیٹ عبدالقیوم، ڈائریکٹر لینڈ نجم الزماں، پی ڈی ذوالفقار آباد ٹرمینل منظور برنی ، ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن ایس ایم طٰہٰ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔