پاک فوج نے جب سے خیبر فور شروع کیا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں تیزی آئی ہے پاک فوج کے خلاف کارروائیوں میں بھی تیزی آگئی ہے۔ یہ بات سمجھ میں نہیں آتی کہ جب ہر آپریشن کامیاب رہا تو نیا آپریشن شروع کرنے کی ضرورت کیوں پڑی۔ تاہم اگر بوجوہ یہ آپریشن شروع کرنے ہی پڑے تو کیایہ بھی محض اتفاق ہے کہ ادھر نیا آپریشن شروع ہوا ادھر فوج پر نئے حملے شروع ہوگئے۔ تازہ واردات بھی حیات آباد میں ایف سی کی گاڑی پر موٹر سائیکل سوار خودکش حملہ آوروں کا حملہ ہے جس میں میجر سمیت تین اہلکار شہید ہوگئے۔ دہشت گردی ایسا ناسور ہے جس سے جان چھڑانا از حد ضروری ہے لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس ناسور سے جان چھڑانے کی جتنی کوششیں کی جاتی ہیں یہ اتنا ہی بڑھتا جاتا ہے۔ گویا مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ ساری کوششیں غلط رخ پر ہورہی ہوں اور ہم سمجھ رہے ہوں کہ کام ٹھیک ہورہاہے۔ لہٰذا اس سارے معاملے کا از سرنو جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔