پاناماکیس شریف خاندان کی 14سال قید کی جانب بڑھ رہا ہے‘ تحریک انصاف

214

اسلام آباد/ لاہور (آن لائن+ نمائندہ جسارت) تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاناما کیس کا معاملہ براہ راست نواز شریف، مریم نواز، حسن اور حسین نواز کی 14 ،14سال قید کی طرف جارہا ہے،کوئی معجزہ ہی انہیں سزا سے بچا سکتا ہے، اپارٹمنٹس کی تفصیلات سامنے نہیں لائی جارہیں،شریف خاندان نے ن لیگ کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا،شریف خاندان اور وزراپہلے کہتے تھے جے آئی ٹی میں پیشی کی وڈیو سامنے لائی جائیں اب عدالت عظمیٰ میں کوئی بات نہیں ہوتی ، آڈیو اور وڈیو آنے پر پاکستان کی فلم انڈسٹری کو کتنا فائدہ ہو گا،کیپٹن صفدر کی وڈیو آنے پر ٹکٹ بلیک میں فروخت ہوں گی۔عدالت عظمیٰ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہاکہ والیم 10کھولنے پر عدالت نے کہا والیم 10 میں کچھ نہیں،اگر والیم 10 کھلا تو اس کے بھی اثرات آئیں گے آپ چاہتے ہیں تو کھول دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی تحقیقات سے نہ صرف لندن بلکہ سوئٹزر لینڈ اور دیگر ملکوں سے بھی اثاثے ظاہر ہو نگے اس کے علاوہ عدالت عظمیٰ میں شریف خاندان نے قطری خط کے بارے میں کچھ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نہ صرف ایف زیڈای کی ملکیت تسلیم کر لی گئی بلکہ یہ بھی بتا دیا کہ اقامہ ایف زیڈ ای پر لیا گیا ۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی دیوار پر لکھی ہوئی نظر آرہی ہے ،ہم نے سنا تھا قیامت کے دن بچے باپ کو اور باپ بچوں کو نہیں پہچانیں گے لیکن نوازشریف نے ابھی سے اپنے سگے خالو کو پہچاننے سے انکارکردیا اور کہتے ہیں چوری ہوئی ہے، پاکستان سے پیسا باہرگیا ہے مگر تفتیش نہ کریں۔ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ نوازشریف جائیں گے اور نیا وزیراعظم آئے گا، پورے پاکستان کی نظریں عدالت عظمیٰ اور ججز پر ہیں۔علاوہ ازیں تحریک انصاف کے سینئر رہنماء ڈاکٹر بابر اعوان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاناما کیس جلد ہی اپنے منطقی انجام تک پہنچ جائے گا ،پٹواریوں کے بادشاہ اور ماڈل ٹاؤن سانحے کے ذمے دار پکڑے جانے والے ہیں، اس مہینے میںبڑے حکمرانی کے برج احتساب کے سامنے الٹ جائیں گے ، گاڈ فادر ون نے برادر اسلامی ملک میں نوکری کی، شریف فیملی کے لیے جدہ کا کوئی راستہ نہیںبچا اوراب ان کے لیے اڈیالہ جیل کا ٹھکانا ہوگا۔